متحدہ عرب امارات: ٹرک پر رکھا کنٹینر پھسل کر منی بس پر آ گِرا، پاکستانی ڈرائیور موقع پر جاں بحق

متحدہ عرب امارات: ٹرک پر رکھا کنٹینر پھسل کر منی بس پر آ گِرا، پاکستانی ڈرائیور موقع پر جاں بحق
یہ ہولناک حادثہ واقعہ اُم القوین میں القران سٹریٹ پر پیش آیا

اُم القوین (10فروری 2020ء) اماراتی ریاست اُم القوین میں ایک انتہائی ہولناک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں منی بس کا پاکستانی ڈرائیور بُری طرح کُچلے جانے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک سری لنکن مسافر بھی شدید زخمی ہوا ہے۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اُم القوین کے القران سٹریٹ پر ایک منی بس کو حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں منی بس مکمل طور پر پچک گئی اور اس کا پاکستانی ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ حادثہ شام کے وقت ایک ٹرک والے کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا جس پر رکھا گیا کنٹینر مکمل طور پر فِکس نہیں کیا گیا تھا جو راستے میں اچانک پاس سے گزرتی منی بس پر جا گِرا ۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ منی بس پُوری طرح پچک گئی تھی۔ ڈرائیور کے ہلاک ہونے کے علاوہ منی بس میں سوار ایک سری لنکن مسافر بھی شدید زخمی ہوا، جسے فوری طور پر مقامی ہسپتال مکمل کیا گیا، جہاں اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کنٹرول روم کو اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایمبولینسز اور دیگر عملہ موقع پر روانہ کر دیا گیا۔ تاہم جائے حادثہ پر پہنچنے کے بعد پتا چلا کہ کئی ٹن وزنی کنٹینر کے منی بس پر گرنے کے باعث ڈرائیور بھی ساتھ ہی پچک گیا تھا۔ جس کے باعث اُس کی موت واقع ہو گئی تھی۔ جبکہ ایک اور مسافر شدید زخمی تھا۔متوفی ڈرائیور کی لاش اور زخمی مسافر کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اُس کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق ٹرک کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔ وہ کنٹینر کو ٹھیک طرح سے فِکس نہ کرنے کے علاوہ حدِ رفتار سے تجاوز کرنے کا بھی مرتکب پایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز دُبئی میں ایک سکول بس کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں بس میں موجود 15 بچے زخمی ہو گئے تھے، جنہیں طبی امداد کی غرض سے راشد ہسپتال منتقل کر دیا گیاتھا۔ دُبئی پولیس کے مطابق سکول بس میں اوور اون انگلش ہائی سکول ، الورقہ کے بچے سوار تھے، جب یہ بس ایک واٹر ٹینکر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 15 بچوں اور ٹینکر کے ڈرائیور کو بھی چوٹیں آئیں۔ جبکہ بس کے سُپروائزرز بھی زخمی ہوئے ہیں۔ یہ واقعہ گزشتہ روز صبح کے وقت پیش آیا جب اسکول بس بچوں کو سکول لے جا رہی تھی۔ سکول کی انتظامیہ نے بھی حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکول بس کو حادثہ پیش آیا ہے تاہم اس واقعے میں تمام بچے اور اسکول اسٹاف محفوظ رہے ہیں۔ زخمی بچوں اور سُپروائرزر کو معمولی چوٹیں آئی ہیں جن میں سے زیادہ تر کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ چند بچے ایسے ہیں جن کی چوٹیں تھوڑی زیادہ ہیں، فی الحال انہیں ہسپتال میں ہی رکھا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق اس حادثے کے بعد سڑک پر ٹریفک کی لمبی لائن لگ گئی تھی۔ تاہم بعد میں حادثے کا شکار ہونے والی بس اور ٹینکر کو سڑک سے ہٹا کر ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی ہے۔ یہ حادثہ بزنس بے کراسنگ سے الرباط روڈ کو جانے والی سڑک پر پیش آیا ہے۔

[X]

اپنا تبصرہ بھیجیں