مشتاق منہاس مسلم لیگ ن آزادکشمیرکے چیف آرگنائزرمقرر

مشتاق منہاس مسلم لیگ ن آزادکشمیرکے چیف آرگنائزرمقرر

اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے وزیر اطلاعات ،سیاحت، سپورٹس و امور نوجوانان راجہ مشتاق احمد منہاس کو پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر کا چیف آرگنائزر مقرر کر دیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے نوٹیفکیشن وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس کو دیا۔اس موقع پر مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی،سینیٹر مصدق ملک اور کشمیر کونسل کے رکن سردار خالق وصی بھی موجود تھے۔ نامزد چیف آرگنائزر راجہ مشتاق احمد منہاس اس آرگنائزنگ کمیٹی کے بھی سربراہ ہونگے جس کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس کو چیف آرگنائزر ان کی پارٹی خدمات اور آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کو نظریاتی بنیادوں پر مستحکم کرنے کا اعتراف ہے ۔حال ہی میں وزیر اطلاعات کو سپورٹس و امور نوجوانان کی وزارت بھی دی گئی تھی ۔انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آزاد کشمیر میں جماعت کی از سرِنو تنظیم سازی کریں اور آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو جماعت میں شمولیت کے لیے رکنیت سازی کی مہم شروع کریں۔ ادھر وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس نے قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف اور پارٹی کے صدر میاں محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کے پیغام کو آزادکشمیر کے طول و عرض میں پہنچانے کیلیے بھرپور مشاورت کی جائے گی اور ان کا ترقی پسند پیغام گھر گھر پہنچایا جائے گا ۔انہوں نے کہا قائد پاکستان محمد نواز شریف ترقی یافتہ پاکستان کے معمار ہیں انہوں نے اپنے ادوار میں پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔انہوں نے کہا اگر ان کے خلاف محلاتی سازشیں نہ کی جاتیں تو پاکستان اس وقت جنوبی ایشیاء میں ترقی کرنیوالا ملک ہوتا اور ملک اسوقت جس افراتفرت اور سیاسی بحران کا شکار ہے اس سے ہمیں نجات ملتی ۔انہوں نے کہا نواز شریف نام ہے ترقی کا اور خوشحالی کا ۔انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف کے دور میں پنجاب نے ہر شعبہ زندگی میں بےمثال ترقی کی اور چین جیسے ملک نے تیز رفتار ترقی کو شہباز سپیڈ کا نام دیا جو وطن عزیز کیلیے ایک میڈل کی حیثیت رکھتا ہے ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ آزادکشمیر کا ترقیاتی بجٹ دوگنا کر کے قائد پاکستان نے آزادکشمیر کی ترقی اور خوشحالی کی راہیں کھول دیں جسے کشمیری کبھی بھی فراموش نہیں کر سکتے۔