سعودی عرب سے خصوصی پرواز کے ذریعے 250 پاکستانی لاہور پہنچ گئے

سعودی عرب سے خصوصی پرواز کے ذریعے 250 پاکستانی لاہور پہنچ گئے

سعودی عرب سے خصوصی پرواز کے ذریعے 250 پاکستانی لاہور پہنچ گئے

پاکستانیوں کی واپسی کے لیے مزید چھ خصوصی پروازوں کے شیڈول کا اعلان کیا گیا ہے
ریاض( 15مئی 2020ء) پی آئی اے کی خصوصی پرواز ریاض سے 250پاکستانیوں کو واپس لے کر لاہور پہنچ گئی۔ سعودی عرب سے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے مزید چھ خصو صی پروازوں کے شیڈول کا اعلان کیا گیا ہے۔ جس کے مطابق جدہ سے پی آئی اے کی ایک اور پرواز پیر18 مئی کو250 مسافروں کو لے کرفیصل آباد جائے گی جب کہ جمعرات21 مئی کو دمام سے اسلام آباد کے لیے خصوصی پرواز چلائی جائیگی۔
ہفتہ کو پی آئی اے کی ایک اور پرواز مدینہ سے 250 پاکستانیوں کو لے کر کراچی پہنچے گی۔اس موقع پر پاکستانی سفارتخانے کے ویلفیئر قونصلر عبدالشکور اور دیگر اہلکار ایئر پورٹ پر موجو د تھے۔سول ایوی ایشن حکام کے مطابق 21 مئی کو پی آئی اے کی پرواز دمام سے اسلام آباد کیلئے چلائی جائے گی۔اس کے علاوہ سعودی ایئرلائنز کی دو خصوصی پروازیں 17 اور 21 مئی کو پشاور اور ملتان کے لیے شیڈول ہیں۔
ریاض میں واقع پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ان خصوصی پروازوں میں ایمرجنسی ، طبی امور، اقامے کی میعاد ختم ہونے اور خروج نہائی والے افراد کو ترجیح دی گئی ہے۔ پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے خصوصی ٹکٹوں کی خریداری کے لیے آنے والے پاکستانیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سفارتخانہ ٹکٹوں کی آسانی سے فروخت کے ساتھ اپنے پاکستانی بھائیوں کی فلاح و بہبود ، محفوظ اور جلد از جلدوطن واپسی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں اس وقت 30 ہزار سے زائد پاکستانی وطن واپسی کے خواہشمند ہیں۔ جبکہ پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے چند روز قبل بیان جاری کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاوٴ کی روک تھام کے لیے لگائی گئی فضائی پابندیوں سے متاثر ایسے پاکستانی افراد اور خاندان جن کے ویزوں کی میعاد ختم ہو رہی ہے اور وہ وطن واپس جانا چاہتے ہیں وہ اپنے کوائف فراہم کریں تاکہ سفارت خانہ پاکستان کی طرف سے متعلقہ اداروں کو آگاہ کرکے ان کی جلد وطن واپسی کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔
کوائف کے مطابق جن کیٹیگریز کے لوگ پاکستان جانا چاہتے ہیں ان میں ایسے افراد شامل ہیں جن کا خروج نہائی لگا ہوا ہے یا فیملی، ورک اور بزنس ویزے پر موجود افراد اور اقامہ ہولڈرز جن کا کسی ایمرجنسی کے باعث جانا ضروری ہے۔ ۔خیال رہے کہ پی آئی اے نے مشرق وسطیٰ کی پروازوں میں کھانا فراہم کرنے کی سروس بند کر دی ہے۔ پی آئی اے حکام کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ دبئی، ابوظہبی، سعودی عرب، مسقط اور عمان کی پروازوں میں مسافروں کو کھانا فراہم نہیں کیا جائے گا، یہ پابندی کورونا وائرس سے بچاوٴ کے اقدامات کے تحت عائد کی گئی ہے۔
پی آئی اے کی مشرق وسطیٰ کی پروازوں میں کھانا فراہم کرنے کی بندش کے احکامات فلائٹ سروسز کی جانب سے جاری کئے گئے ہیں۔ قومی ایئر لائن دوران پرواز مسافروں کو پانی، سافٹ ڈرنک اور جوس فراہم کرے گی۔سفارتخانے کے ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں اس وقت 30 ہزار سے زائد پاکستانی وطن واپسی کے خواہشمند ہیں۔