برطانیہ، کورونا کی وبا، ایک تہائی کیئر ہومز میں پھوٹ پڑنے کی...

برطانیہ، کورونا کی وبا، ایک تہائی کیئر ہومز میں پھوٹ پڑنے کی رپورٹ

برطانیہ، کورونا کی وبا، ایک تہائی کیئر ہومز میں پھوٹ پڑنے کی رپورٹ

لندن (پی اے) برطانیہ کے ایک تہائی کیئر ہومز میں کورونا وائرس کی وبا پھوٹ پڑنے کی رپورٹس ہیں۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق انگلینڈ میں اب کورونا وائرس کی وبا ایک تہائی سے زائد کیئر ہومز میں پھوٹنے کے اعدادوشمار ریکارڈ کئے گئے ہیں۔پبلک ہیلتھ انگلینڈ (پی ایچ ای) کے اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ مجموعی طور پر 15514میں سے5546کیئر ہومز میں مئی کے آغاز سے کورونا وائرس کی وبا پھوٹنے کی یا تو تصدیق ہوچکی تھی یا اس بارے میں شبہات تھے اور ہر ڈسٹرکٹ میں کم سے کم ایک پھیلائو تھا۔ ایج یو کے کا کہنا ہے کہ کیئر ہومز میں حالت بند دروازوں کے پیچھے ایک سکینڈل تھی۔ حکومت نے کیئر ہومز میں انفیکشن پر قابو پانے کیلئے 600 ملین پونڈز فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ قومی شماریاتی دفتر اور سکاٹ لینڈ وشمالی آئر لینڈ میں اس کے ذیلی دفاتر کے اعدادوشمار کے مطابق برطانیہ بھر میں کوویڈ۔19 سے کیئر ہومز میں ہونے والی اموات9700 سے زائد ہیں۔ انگلینڈ میں آئسل آف سلی کے علاوہ کیئر ہومز والی ہر لوکل اتھارٹی نے اب کم از کم ایک آئوٹ بریک کی رپورٹ کی ہے۔ پہلے آئوٹ بریک کی رپورٹ کرنے والے کیئر ہومز کی تعداد میں کمی آ رہی ہے، 6اپریل سے شروع ہونے والے ہفتہ میں اس کی انتہائی تعداد1002تھی جوکہ 4 مئی سے شروع ہونے والے ہفتہ میں کم ہو کر 418 رہ گئی ہے۔ اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ نارتھ ایسٹ میں 748میں سے 354کیئر ہومز میں 47 فیصد سے زیادہ آئوٹ بریک ریکارڈ کی گئی۔ اس کے مقابلے میں سائوتھ ویسٹ میں ایک چوتھائی میں زیادہ آئوٹ بریک رپورٹ کئے گئے۔ کیئر ہومز کی جانب سے اپنے مکینوں کو وبا سے محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات پر بھی سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ کیسل گریسلی میں کیسل کورٹ کیئر ہوم اور چیپل این لی فرتھ میں وہائٹ سٹون کیئر ہومز دونوں ہی ڈربی شائر کائونٹی کونسل کے زیر انتظام چلتے ہیں جہاں مکینوں کیلئے تمام سہولتیں میسر ہیں۔ ڈربی شائر کائونٹی کونسل کا کہنا ہے کہ اس نے عمارت میں وزیٹرز کیلئے علیحدہ دروازے بنائے ہیں، جس کے نتیجے میں وبا پھیلنے کے خدشات کم سے کم کر دیئے گئے۔ اب تک امبر ویلی، ڈربی شائر میں کاکس بنچ ہال کیئر ہوم کے 31مکینوں یا 60 سٹاف ارکان میں سے کسی میں بھی کوویڈ.19کی علامات نہیں دیکھی گئیں، تاہم صورت حال کو قابو میں رکھنے کیلئے اب بھی انتہائی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ رادھرم میں ہر کیئر ہوم کو لوکل کونسل کی جانب سے 15000پونڈز فراہم کئے گئے ہیں، تاکہ وبا کے پھیلائو سے نمٹنے کے اقدامات میں مدد مل سکے۔ بدھ کے روز وزیراعظم نے انگلینڈ میں کیئر ہومزپرانفیکشن سے نمٹنے کیلئے اضافی 600 ملین پونڈز فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔